کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4892 ہو گئی، 77 اموات

کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4892 ہو گئی، 77 اموات
کیپشن: ملک بھر میں اب تک 57 ہزار 836 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 892 تک پہنچ گئی جبکہ مزید 11 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 77 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 104 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 2336، سندھ میں 1318، خیبر پختونخوا میں 656، بلوچستان میں 220، گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 113 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 57 ہزار 836 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2457 نئے ٹیسٹ کئے گئے، مجموعی طور پر 56 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 44 فیصد مقامی طور پر پھیلے، اب تک 762 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 77 ہوگئی۔ سندھ میں 28، پنجاب میں 19، خیبر پختونخوا میں 25، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک، ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔  

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اب تک 4 ہزار کیسز میں 70 فیصد کی عمر 50 سال سے کم ہے، نوجوان طبقہ اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ انہیں کرونا نہیں ہوسکتا، یہ عام بیماری کی طرح ہے، متاثرہ افراد کا قصور نہیں، انہیں ہمدردی اور توجہ کی ضرورت ہے۔