کورونا سے پاکستان میں ریکارڈ ہلاکتیں،مسلسل چھٹے روز 100 سے زائد افراد جاں بحق

کورونا سے پاکستان میں ریکارڈ ہلاکتیں،مسلسل چھٹے روز 100 سے زائد افراد جاں بحق
کیپشن: کورونا سے پاکستان میں ریکارڈ ہلاکتیں،مسلسل چھٹے دن 100 سے زائد افراد جاں بحق
سورس: file

اسلام آباد:پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر  سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ مسلسل چھٹے روز 100 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید114 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 5 ہزار سےزائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔مثبت شرح ایک مرتبہ پھر 11 فیصد پر پہنچ گئی۔

نیو نیوز کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد 7 لاکھ 21 ہزار 018 جبکہ ایکٹو کیسز 73 ہزار 875 ہیں۔ اس مرض سے 6 لاکھ 31 ہزار 700 شہری مکمل طور پر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 443 تک جا پہنچی ہے۔

  
کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا صوبہ پنجاب ہے جہاں اب تک اس موذی مرض کے ہاتھوں 6 ہزار 972 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 529 ہو چکی ہے۔

 
عالمی وبا سے متاثر ہونے والے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 618، اسلام آباد 607، گلگت بلتستان 103، بلوچستان 215 جبکہ آزاد جموں وکشمیر کے 2399 شہری موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 14 ہزار 431، بلوچستان میں 20 ہزار 241، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127، اسلام آباد میں 65 ہزار 700، خیبر پختونخوا میں 98 ہزار 301، صوبہ پنجاب میں 2 لاکھ 48 ہزار 438 جبکہ سندھ میں 2 لاکھ 68 ہزار 750 کنفرم کیسز ہو چکے ہیں۔

ایکٹو کیسز کے معاملے پر بھی صوبہ پنجاب سب سے اوپر ہے۔ این سی او سی کے مطابق یہاں فعال کیسز 39 ہزار 098 تک جا پہنچے ہیں جبکہ سندھ میں اس وقت صرف 6 ہزار 571 ایکٹو کیسز ہیں۔

 
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 458، اسلام آباد میں 12 ہزار 795، گلگت بلتستان میں 105، بلوچستان میں 696 اور آزاد کشمیر میں فعال کیسز کی تعداد 2 ہزار 152 ہے۔