جنوبی افریقہ پر پاکستان کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد

جنوبی افریقہ پر پاکستان کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ پر پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کپتان ہینرچ کلاسن نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے فیصلے کو قبول کرلیا ہے جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ ہفتے کے روز کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد پروٹیز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہینرچ کلاسین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 189 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کرلیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم 51، کپتان ہینرچ کلاسن 50 اور بلیون 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور حسن علی نے 2،2 جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے بہتر آغاز کیا تاہم کپتان بابر اعظم 41 کے مجموعی سکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی اور تبریز شمسی کا شکار بنے، ان کے علاوہ محمد حفیظ13 حیدر علی 14 اور فہیم اشرف نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس موقع پر رضوان وکٹ پر ڈٹے رہے اور 50 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے اپنی اننگز میں 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے اور قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔