الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست خارج

 الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست خارج

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نےالیکشن کمیشن کی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی  درخواست خارج کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر کیا کہتے ہیں؟ اس کے جواب میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ جلد سماعت مقرر کرنے کا جواز کیاہے؟ پیسہ ضائع ہوتاہے، وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی مرضی سے 29 اپریل کی تاریخ لی، دو دن بعد الیکشن کمیشن کو خیال آیا ہے کہ تاریخ جلد مقرر کرانی ہے۔

خواجہ حارث کاکہناتھا کہ وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے بھی کیس کی سماعت ملتوی ہوئی تھی،ہم اپنی تیاری 29 اپریل کی سماعت کے حوالے سے کررہے تھے، کیا کوئی قانونی پابندی ہے کہ اتنے وقت اس کیس پر فیصلہ کرنا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست کو خارج کردیا۔