بریڈ ہیڈن آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ مقرر

بریڈ ہیڈن آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ مقرر

کینبرا: کرکٹ آسٹریلیا نے گریگ بلیوٹ کی جگہ سابق وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ کی ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔ بریڈ ہیڈن 2019 تک فرائض انجام دیتے رہیں گے اور دورہ بنگلہ دیش کے دوران کینگروز سکواڈ جوائن کریں گے۔ سابق فیلڈنگ کوچ گریگ بلیوٹ نے ساوتھ آسٹریلیا کے ساتھ کام کرنے کی خاطر عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

ہیڈن کو 66 ٹیسٹ، 126 ون ڈے اور 34 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے اور وہ 2015 میں ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک رہنے کے ساتھ ساتھ آسٹریلین اے ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔

ہیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر ہونا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر پرجوش ہوں اور کرکٹ آسٹریلیا نے مجھ پر جو اعتماد کیا اس پر ان کا بہت مشکور ہوں۔

یاد رہے آسٹریلین ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے بعد ون ڈے سیریز کھیلنے بھارت جائے گی جس کے بعد سال کے آخر میں ہوم گراونڈ پر انگلینڈ سے سیریز کھیلے گی۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں