قطر کشیدگی کے حل کیلئے ابو ظبی کے ولی عہدسے امریکی ایلچیوں کی ملاقات

قطر کشیدگی کے حل کیلئے ابو ظبی کے ولی عہدسے امریکی ایلچیوں کی ملاقات

ابو ظبی: قطر کشیدگی کے حل کیلئے ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کے دو خصوصی ایلچیوں نے ملاقات کی ہے اور ان سے قطر اور عرب ممالک کے درمیان جاری بحران پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
حال ہی میں قطر کشیدگی کے حل کیلئے کوششوں میں نمایاں اضافہ نظر آیا ہے جس کے پیش نظر امریکی وزیر خارجہ نے سابق جنرل انتھونی زینی اور عرب خلیجی امور کے لیے نائب وزیر خارجہ ٹم لنڈرکنگ کو قطر بحران کے حل کے لیے معاونت کی غرض سے خطے کے دورے پر بھیجا ہے۔انھوں نے اس سے پہلے کویت اور قطر کا دورہ کیا ہے۔
ریکس ٹیلرسن نے انھیں قطر کے تین خلیجی عرب ممالک اور مصر کے ساتھ جاری تنازع کے حل کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کی سفارتی کوششوں کے ضمن میں حال ہی میں خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے اور وہ چار عرب ممالک اور قطر کی قیادت سے بحران کے خاتمے کے لیے بات چیت کررہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق امریکی ایلچی ابو ظہبی سے سعودی عرب ، بحرین اور پھر مصر جائیں گے۔