سعودی گلوکار کانسرٹ کے دوران ممنوع ڈانس کرنے پر گرفتار

سعودی گلوکار کانسرٹ کے دوران ممنوع ڈانس کرنے پر گرفتار

طائف : سعودی عرب کے معروف گلوکار کو کانسرٹ کے دوران ’ڈیبنگ‘ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ڈیبنگ رقص کا ایک ایسا انداز ہے جس میں ڈانس کرنے والا ایک بازو سے چہرہ چھپاتا ہے اور دوسرے بازو کو اپنے پیچھے کی جانب بڑھاتا ہے، سعودی عرب میں ڈیبنگ ممنوع ہے کیونکہ حکام کے خیال میں یہ انداز منشیات کے کلچر کی نمائندگی کرتا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپور ٹ کے مطابق سعودی گلوکار عبد اللہ الشہانی ایک ٹی وی میزبان اور گلوکار ہیں جنھوں نے طائف میں ایک میوزک فسٹیول کے دوران یہ انداز اپنایا۔عبد اللہ الشہانی کی ڈیبنگ کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی اور ہزاروں لوگوں نے اس کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے نیشنل کمیشن برائے انسدادِ منشیات نے حال ہی میں اس انداز کو ملک میں ممنوع قرار دیا تھا کیونکہ ان کی نظر میں رقص کے اس انداز کا چرس کے استعمال سے تعلق ہے۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک پوسٹر پر ڈیبنگ کے ’نوجوان نسل اور معاشرے پر منفی اثرات‘ کے بارے میں بتایا گیا ہے اور لوگوں کو اسے اپنانے کے خلاف متنبہ کیا گیا ہے۔
گلوکار عبد اللہ الشہانی نے منگل کی صبح ٹوئٹر پر ایک پیغام میں معافی بھی مانگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی معزز حکومت اور شائقین کو غیر متوقع اور غیر دانستہ طور اس انداز کو اپنانے کی معافی مانگتا ہوں۔ برائے مہربانی میری معافی قبول کر لیں۔‘