پی ٹی آئی کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔عام انتخابات میں تحریک انصاف کی جانب سے کامیابی ملنے کے بعد صوبوں کے گورنرز کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

گزشتہ روز تحریک انصاف نے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب اور شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخوا بنانے کی منظوری دی تھی اور اب گورنر سندھ کے لیے عمران اسماعیل کی بھی منظوری دے دی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی پارٹی چیئرمین عمران خان نے باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :الیکشن کمیشن نے ایک سے زائد نشستوں پر جیتنے والوں سے استعفے مانگ لیے
  
 دوسری جانب صوبہ سندھ میں مسلسل تیسری بار پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی جس نے وزیر اعلیٰ کے لیے مراد علی شاہ اور اسپیکر سندھ اسمبلی کے لیے آغا سراج درانی کو نامزد کیا ہے۔واضح رہے کہ عمران اسماعیل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے عام انتخابات میں بھی پی ایس 111 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کے مستعفیٰ ہونے کے بعد سے گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا۔واضح رہے کہ محمد زبیر نے 2 فروری 2017 کو سندھ کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔انہیں سابق گورنر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے گورنر سندھ نامزد کیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں