ایرانی صدر اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، مسئلہ کشمیر پر گفتگو

ایرانی صدر اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، مسئلہ کشمیر پر گفتگو
کیپشن: فائل فوٹؤ

اسلام آباد: ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ایرانی صدر نے مسئلہ کشمیر سفارتی سطح پر حل کرنے پر زور دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ پُر امن طور پر زندگی بسر کریں۔ انہوں نے دونوں ممالک کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین بھی کی۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، کریک ڈاؤن اور کشمیریوں کے قتل عام کے مناظر سامنے آرہے ہیں۔ نازی ازم سے متاثر آر ایس ایس کی کوشش ہے کہ نسلی بنیادوں پر نسل کشی کا سہارا لیکر کشمیر میں آبادیات کا تناسب تبدیل کیا جائے۔

وزیر اعظم نے خدشہ کا اظہار کیا کہ نازی آرین بالادستی کی طرح آر ایس ایس کے ہندو راج کے پرفتن نظریے کے اثرات مقبوضہ کشمیر تک ہی محدود نہیں رہیں گے۔ بلکہ ہندوستان کے مسلمان بھی اسکی لپیٹ میں آئیں گے اور معاملہ بالآخر پاکستان پر حملے تک جاپہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندو راج کے کارندے ہٹلر کی نظریئے ہی کی ایک قسم ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا دنیا خاموشی سے تماشہ دیکھے گی اور میونخ میں ہٹلر کی طرح اب بھی ظالم کی خوشامد کا رستہ اپنائے گی؟