نیب کے سامنے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا گیا، مریم نواز

نیب کے سامنے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا گیا، مریم نواز
پتھر لگنے سے مجھے ہیڈ انجری بھی ہو سکتی تھی، مریم نواز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کے سامنے ریاستی دہشت گردی اور جبر کا مظاہرہ کیا گیا اور پر امن نہتے کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔ گاڑی پر پتھر برسائے گئے اور آج بلانے کا مقصد نقصان پہنچانا مقصود تھا۔


پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آج ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا گیا، پر امن اور نہتے کارکنوں پر پتھر برسائے گئے، آنسو گیس اور پتھر لگنے سے کارکن زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا نیب کا کال اپ لیٹر مجھے پرسوں موصول ہوا، کہا گیا شاید میں نے کوئی زمین خریدی ہے، کال اپ لیٹر میں مجھ پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا مجھے بلانے کے پیچھے نقصان پہنچانا مقصود تھا، بلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو پتھر مجھے لگتے، پولیس یونیفارم میں لوگوں نے پتھر مارے، پتھر لگنے سے مجھے ہیڈ انجری بھی ہو سکتی تھی، مجھے واپس جانے کیلئے پیغام بھی آئے، مجھے کہا گیا بی بی واپس چلی جائیں، نیب والوں نے دروازہ نہیں کھولا، چھپ کر بیٹھے رہے جبکہ نیب کے دروازے کے باہر کھڑی رہی اور کہا مجھ سے جواب لے لیں۔