الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک کرنا ممکن نہیں ہے: شبلی فراز

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک کرنا ممکن نہیں ہے: شبلی فراز
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین انٹر نیٹ یا بلیو ٹوتھ سے لنک نہیں اس لئے اسے ہیک نہیں کیا جا سکتا، سیاسی جماعتیں بہتر سے بہتر ماہرین کے ذریعے اس مشین کو جانچیں۔ 
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں یو ایس بی لگانے کا سسٹم ہے نہ ہی یہ انٹرنیٹ یا بلیوٹوتھ کیساتھ لنک ہو سکتی ہے، اس لئے اسے ہیک نہیں کیا جا سکتا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں بہتر سے بہتر ماہرین کو لائیں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو جانچیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ایک ووٹر ایک سے زیادہ بار استعمال نہیں کر سکتا، ووٹنگ کے عمل میں 3 فیصد یعنی 18 لاکھ ووٹ ضائع ہو جاتے ہیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے عملے کو بھی نہیں پتہ ہو گا کہ کون سی مشین کس حلقے میں جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں ووٹ کی سیکریسی کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے، الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا کہ یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ان کی ضروریات پورا کرتی ہے یا نہیں۔