نواز شریف علاج کرائے بغیر پاکستان نہیں آئیں گے، شہباز شریف

نواز شریف علاج کرائے بغیر پاکستان نہیں آئیں گے، شہباز شریف
کیپشن: نواز شریف علاج کرائے بغیر پاکستان نہیں آئیں گے، شہباز شریف
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا نواز شریف کا لندن میں علاج جاری ہے اور ان کی صحت پر سیاست کرنا درست نہیں ہے۔ 

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے جبکہ آج گاڑی سستی لیکن پٹرول اور روٹی مہنگی ہے۔ 

انہوں نے حکومت پر واضح کر دیا کہ نواز شریف کا لندن میں علاج جاری ہے اور وہ اپنا علاج کرائے بغیر پاکستان نہیں آئیں گے اور نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا درست نہیں کیونکہ بیگم کلثوم نواز بستر مرگ پر تھیں مگر طرح طرح کی باتیں کی گئیں۔ 

اس سے قبل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے اور حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جبکہ افغان مسئلے کا حل فریقین کے باہمی مذاکرات سے ہونا چاہیے اور حکومت افغان صورتحال پر اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 21 اگست کو اسلام آباد میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہو گا اور اس اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ 28 اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کا اجلاس ہو گا اور 29 اگست کو پی ڈی ایم کراچی میں جلسہ کرے گی۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کا سب سے آسان طریقہ ہے اور یکطرفہ انتخابی اصلاحات کو مسترد کرتے ہیں اور اپوزیشن کا اتحاد شفاف انتخابات پر توجہ مرکوز کرے گا کیونکہ اس وقت پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کانظام ختم کیا گیا اور پنجاب میں بلدیاتی نظام سےمتعلق عدالتی فیصلے پر عمل نہیں ہو رہا۔