آل راؤنڈر معین علی کو آسٹریلیا میں نسلی تعصب کا سامنا

 آل راؤنڈر معین علی کو آسٹریلیا میں نسلی تعصب کا سامنا

لندن: انگلینڈ کے مسلمان آل راؤنڈر معین علی کو آسٹریلیا میں نسلی تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔ ایشنر سیریز کے دوران تماشائیوں نے انہیں کباب والا کہہ کر چھیڑا ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشنر سیریز کے دوران معین علی کو آسٹریلوی تماشائیوں کی نسلی فقرے بازی کا سامنا رہا تاہم مسلمان آل رائونڈر نسلی تعصب کی آفیشل شکایت کا ارادہ نہیں رکھتے ۔

کھلاڑی کا کہنا تھا کہ باؤنڈری کے قریب فیلڈنگ کے دوران ایک شخص نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کی کباب کی دکان کتنے بجے کھلتی ہے۔ مسلمان آل رائونڈر نے واضح کیا کہ وہ نسلی تعصب پر مبنی فقرے بازی کی شکایت نہیں کریں گے اور نہ اس طرح کی لفظی بحث میں الجھنا چاہتے ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو تماشائیوں کی جانب سے کچھ اچھی چیزیں بھی سننے کو ملتی ہیں اور میچ کے دوران حریف کھلاڑیوں سے بھی نوک جھونک چلتی رہتی ہے۔ معین علی نے کہا کہ میں ان چیزوں سے کبھی متاثر نہیں ہوتا اور پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں