مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 شہری شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 شہری شہید

سری نگر: کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے گاؤں یونسو میں علی الصبح قابض بھارتی فوج اور پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس اہلکار سرچ آپریشن کے نام پر گھروں میں جاگھسے۔ قابض فوجیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے 4 افراد کو شہید کر دیا۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ جن کی شناخت مسریٰ بانو کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے بھارتی فوج کی بربریت پر پردہ ڈالنے کے لیے دعویٰ کیا ہے کہ تین نوجوانوں کی ہلاکت مقابلے کے دوران جوابی کارروائی کے نتیجے میں ہوئی ہے۔

دوسری جانب واقعے کے خلاف عوامی ردعمل سے بچنے اور بھارتی بربریت سے متعلق معلومات عالمی برادری تک پہنچنے سے روکنے کے لیے کپواڑہ میں موبائل سروس اور انٹر نیٹ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند نوجوان برہان وانی کی شہادت کے بعد آزادی کے لیے جدو جہد کی نئی لہر ابھری ہے اور بھارتی فوج نے اسے دبانے کے لیے صرف گزشتہ ماہ 28 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں