زرداری ٗ عمران کو سینٹ الیکشن بلڈوز کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے:پروفیسر ساجد میر

زرداری ٗ عمران کو سینٹ الیکشن بلڈوز کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے:پروفیسر ساجد میر

لاہور: مرکزی امیر جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ زرداری، عمران او ر قادری اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے ہیں انہیں سینٹ الیکشن بلڈوز کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، مگر انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔عوام ان کی عیاریاں مکاریاں اور چالاکیاں سب جانتے ہیں ۔ اب محلاتی سازش کامیاب نہیں ہو گی ۔ اینٹ سے اینٹ بجانے والے دھمالیں ڈال رہے ہیں لگتا ہے انہوں نے رجوع فرمالیا ہے ۔


ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میرنے کہا کہ نوازشریف کو آؤٹ کرنے کے بعد سینٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کو روکنا اب اگلا ہدف ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نجفی کمیشن رپورٹ یکطرفہ بھی ہو سکتی ہے اور متعصبانہ بھی ،لہذااس کی بنیاد پر کسی ایک یا دو اشخاص کو کیسے ذمہ دار قراردیا جاسکتا ہے اس پرقانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔


انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ا حتجاج ،جلسہ اور جلوس ہوتا ہے مگر سیاست میں جسکی لاٹھی اسکی بھینس نہیں ہوتی، جمہوری آزادیوں کا ناجائز استعمال ملک کو فرقہ وارانہ جنگ کی طرف لے کر جارہا ہے ۔ سیاست میں عدم برداشت جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے ۔ سیاسی جماعتوں کو اس حدتک نہیں چلے جانا چاہیے کہ جس سے جمہوریت بھی خطرے میں نظر آئے ۔ حکومت گراتے گراتے جمہوریت کو ہی نہ گرا لیں ۔