اوورسیز پاکستانی ٹیکس دیکر موبائل فون لا سکتے ہیں، فواد چوہدری

اوورسیز پاکستانی ٹیکس دیکر موبائل فون لا سکتے ہیں، فواد چوہدری
کیپشن: ٹیکس وصول نہیں کریں گے تو ملک کا نظام کیسے چلے گا، فواد چوہدری۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی موبائل فون لا سکتے ہیں اور اضافی فون پر ٹیکس واجب الادا ہے۔ سالانہ دو ارب ڈالر کے موبائل درآمد کر رہے ہیں اس پر ٹیکس وصول نہیں کریں گے تو ملک کا نظام کیسے چلے گا۔

f2fed7163ee35bb53671286bc8a3ea51

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ بیرون ممالک سے پاکستانی فون لا سکتے ہیں تاہم اضافی فون پر مروجہ ٹیکس تو دینا پڑے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 60 ڈالر سے کم قیمت کے فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے تاہم مہنگے فون پر 38 فیصد تک ٹیکس واجب الادا ہے۔ اس سے زیادہ مناسب ٹیکس پالیسی کیا ہو گی اور ملکی ترقی کیلئے سب کو ٹیکس کلچر اپنانا ہو گا۔

گزشتہ دنوں وزیر مملکت حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سال بھر میں بیرون ملک سے صرف ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہو گی اور اس پر ان کو کسی قسم کی ڈیوٹی ادا نہیں کرنا پڑے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لگیج رولز کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ 5 موبائل فون لانے کی اجازت ہو گی لیکن بقیہ 4 موبائل فونز پر ان کو ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔