کابل میں دھماکے کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

کابل میں دھماکے کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک
کیپشن: دھماکے کے بعد علاقے کو تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ دی نیشنل

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے اس دھماکے کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کابل کے شمال مغریب ضلع پیغمان میں آج صبح بم دھماکا افغانستان کے اہم انٹیلی جنس ذمہ داران کے قافلے کے قریب ہوا۔دھماکے حوالے سے مختلف آرا بھی سامنے آ رہی ہیں جن میں سے کچھ کے مطابق یہ خود کش دھماکا تھا جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ یہ کار بم دھماکا تھا۔

دھماکے کے بعد علاقے کو تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ فضا میں ہیلی کاپٹر گشت کر رہے ہیں۔فی الحال کسی بھی گروپ کی جانب سے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہے گزشتہ ماہ افغانستان میں جامع مسجد میں دھماکے سے 28 افراد جاں بحق اور 38 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ خود کش دھماکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران کیا گیا تھا ۔افغانستان کے علاقے خوست میں آرمی کی جامع مسجد میں لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ اچانک زوردار دھماکا ہوا تھا۔