ڈاکٹروں کو یرغمال اور تشدد کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، فردوس عاشق اعوان

ڈاکٹروں کو یرغمال اور تشدد کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور:فردوس عاشق اعوان نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔


تفصیلات کے مطابق ، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قانون کا یونیفارم پہننے والوں کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ مریضوں، ان کے لواحقین اور ڈاکٹروں کو یرغمال اور تشدد کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ 

معاون خصوصی نے کہا  کہ سب جانتے ہیں وکلا کے اس عمل کے پیچھے ان کے انتخابات ہیں۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں ہر صورت کھڑا کریں گے۔ جنگ میں بھی مخالف فوجیں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہسپتالوں کو تحفظ دیتی ہیں۔

انہوں نے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان پر تشدد کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ کس نے اجازت دی کہ دل کے سپتال کو مریضوں کی دل آزاری کیلئے اکھاڑے میں تقسیم کریں؟

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ  کالے کوٹ اور سفید کوٹ میں آج جس طرح میچ ہوا سب نے دیکھا۔ وکلا کو کسی سے گلہ شکوہ تھا تو چیف ایگزیکٹو موجود ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے اس کے علاوہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی واقعے کی شدید مذمت کی اور بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوےت چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی سے رپورٹ طلب کی ہے۔