پی آئی سی واقعہ پر غیر جانبدارانہ تحقیق کی جائے ، شہباز شریف کا مطالبہ

پی آئی سی واقعہ پر غیر جانبدارانہ تحقیق کی جائے ، شہباز شریف کا مطالبہ
کیپشن: ٰImage Source: File Photo

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور میں ہنگامہ آرائی کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی اعلیٰ سطح اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، میاں شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غنڈہ گردی میں جو ملوث ہے، اسے معاف نہ کیا جائے۔ آج جو کچھ ہوا، اس پر ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی اموات پر بے حد صدمہ ہے۔ بے گناہ جان سے جانے والے مریضوں کو کیا زر تلافی کوئی دے سکتا ہے؟ ملوث افراد کو قانون کے تحت سزا ملنی چاہیے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا  کہ آج صرف اور صرف پاکستان اور معاشرے کا نقصان ہوا جس پر دلی رنج اور غم ہے۔ پڑھے لکھے طبقات کے درمیان تصادم ہونا حکومتی بد انتظامی کی بدترین مثال ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ واقعات بتا رہے ہیں کہ حکومت نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا اور نہ ہی تدارک میں سنجیدگی دکھائی۔ ڈاکٹرز اور وکلا کے اس جھگڑے کی اصل قیمت بے گناہ اور معصوم مریضوں نے اپنی جان سے ادا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے قانون ہاتھ میں لیں گے تو پھر قانون اور انصاف کا نظام قائم نہیں ہو گا۔