سیاسی شخصیات مذاکرات کا ماحول بنائیں، فواد چودھری

Political personalities should create an environment for dialogue, Fawad Chaudhry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے ملک میں جاری احتجاجی سیاست ملتوی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تلخیاں کم کرنا بہت ضروری ہے۔

فواد چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اوراپوزیشن میں احترام کی نظر سے دیکھی جانے والی شخصیات آگے آئیں اور مذاکرات کا ماحول بہتر بنانے میں کردار ادا کریں کیونکہ تلخیاں کم کرنا ملک کیلئے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مفاد میں احتجاجی سیاست کو ملتوی ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کو تجویز دی تھی کہ دونوں جانب سے ایک ایک قدم پیچھے ہٹنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کو کوئی بڑا خطرہ نہیں لیکن اگر بات چیت نہیں کی جائے گی تو معاملات آگے کیسے بڑھ سکیں گے۔ اپوزیشن اور حکومت کو مسائل کا حل بات چیت سے شروع کرنا چاہیے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ، اداروں پر پتھراؤ اور دھمکیاں ملسم لیگ (ن) کی شناخت ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ راجکماری اور چیلے عوام کو ڈنڈے تھما کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ شاہی خاندان ذاتی مفادات کے لیے سیاست کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے۔ ڈنڈا بردار جتھے بد حواس پی ڈی ایم کی پریشانی ظاہر کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفے سپیکر کے بجائے ریجیکٹڈ مولانا کے پاس جمع کرنا جعلی استعفوں کی دلیل ہے۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے اپوزیشن استعفے سپیکر کو دیں۔