حکومت کا پی ڈی ایم کی قیادت سے رابطہ، احسن اقبال نے تصدیق کر دی

حکومت کا پی ڈی ایم کی قیادت سے رابطہ، احسن اقبال نے تصدیق کر دی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا، حکومت نے اپوزیشن سے مذکرات سمیت دیگر اہم امور پر حکمت عملی بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔ لیگی رہنما احسن اقبال نے تین وزرا کے اپوزیشن سے رابطوں کی تصدیق کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے تین وزرا نے اپوزیشن کے چند لوگوں سے رابطہ کیا ہے تاہم مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ وبا کی خطرناک صورتحال میں جلسے نہ کرنے سے متعلق اپوزیشن سے بات چیت کی جا سکے۔ 

دوسری طرف اپوزیشن سے مذاکرات سمیر دیگر ایشوز پر حکمت عملی بنانے کے لئے حکومتی ٹیم متحریک ہو گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو بھی آج اسلام آؓباد بلا لیا ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات میں گورنر پنجاب سیاسی صورتحال کے تناظر میں بھی اہم تجاویز دیں گے۔ اس سے قبل گورنر پنجاب نے وزیر اعلی سردار عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیشنل ڈائیلاگ سے پیچھے نہیں ہٹا بلکہ سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے اور پارلیمنٹ میں سوالوں کے جوابات دینے کیلئے تیار ہوں اور جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بڑا چیلنج ملک کو بحران سے نکالنا تھا اور ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے جبکہ اپوزیشن سے بات کریں تو وہ مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں لیکن حکومت ہر مسئلے پر بات کرنے کو تیار ہے تاہم این آر او پر بات نہیں کی جائے گی۔