مولانا فضل الرحمان کی کرپشن ثابت کر کے دکھاؤں گا، علی امین گنڈا پور

مولانا فضل الرحمان کی کرپشن ثابت کر کے دکھاؤں گا، علی امین گنڈا پور
کیپشن: مولانا فضل الرحمان کی کرپشن ثابت کر کے دکھاؤں گا، علی امین گنڈا پور
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے ہمراہ کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا مولانا فضل الرحمان اپنے انتخابی حلقے سے بُری طرح مسترد ہو چکے ہیں اور وزیراعظم عمران خان بہت پہلے کہہ چکے ہیں بدعنوان عناصر کا ٹولہ اکٹھا ہو گا اور اس وقت پی ڈی ایم کا مقصد صرف اور صرف چوری کا پیسہ بچانا ہے۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا مولانا فضل الرحمان نے اربوں روپے کی کرپشن کی جبکہ مریم نواز اپنے باپ کی کرپشن بچانے کیلئے سرگرم ہے اور مولانا کو سب سے زیادہ کرپشن پر چور ٹولے کا سردار بنایا گیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے کرپشن کے پیسے سے اربوں کی جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی کرپشن ثابت کر کے دکھاؤں گا اور مولانا فضل الرحمان بیرونی قوتوں کا آلہ کار رہ چکا ہے اس کے بھی ثبوت موجود ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا نواز شریف اشتہاری اور مفرور ہے کیونکہ وہ سزا یافتہ مجرم ہے جبکہ مولانا کے آزادی مارچ کا مقصد بھی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا تھا اور مولانا بھارت کے سلامتی مشیر اجیت دوول سے بھی مل چکے ہیں اور ملک میں فرقہ واریت پھیلانے میں بھی ملوث رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا مولانا فضل الرحمان نے بیرونی قوتوں کے اشارے پر آزادی مارچ کیا اور اب مولانا سے ان کے چار سوال ہیں اور اگر وہ ان کی تردید کریں گے تو میں ثبوت دوں گا۔ اجیت دوول کے ساتھ آپ کی میٹنگ ہوئی قوم کو بتائیں کیا بات چیت ہوئی؟، عمران خان نے جب کشمیر کا معاملہ اجاگر کیا تو مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ شروع کیا؟، آزادی مارچ سے پہلے اور بعد میں ان کے عالمی قوتوں سے رابطے تھے ان رابطوں کا جواب دیں، فرقہ واریت کی سازش میں مولانا فضل الرحمان حصہ رہے ہیں اور ان کے ایم آئی سکس کے ساتھ رابطے رہے ہیں اس سوال کا جواب بھی دیں۔ 

اس موقع پر وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا پی ڈی ایم کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے اور ان کے پشاور اور ملتان کے جلسوں سے وہاں پر کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور اس کے علاوہ جن شہروں میں جلسے ہوئے وہاں کورونا تیزی سے پھیلا ہے۔

انہوں نے کہا کورونا کی دوسری لہر نے مختلف شہروں میں تشویشناک صورتحال پیدا کر رکھی ہے اور کورونا کے باعث انسانی جانوں کو خطرات مزید بڑھ چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا نواز شریف اور آصف زرداری کرپشن کے سلطان ہیں اور مولانا فضل الرحمان بھی ان کی طرح کرپشن کے سلطان ہیں اور تینوں نے اپنی سیاست کیلئے کرپشن کی نئی، نئی داستانیں رقم کیں کیونکہ انہوں نے مختلف ادوار میں قوم کا پیسہ لوٹ کر اپنی جیبیں بھریں اور یہ لوگ سیاست میں پیسہ لائے، لوگوں کو خریدا اور بیچا جبکہ قوم کے لوٹے ہوئےپیسے سے انہوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔

شبلی فراز نے کہا وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کو کبھی این آر او نہیں دیں گے اور اب اپوزیشن والے اپنے آپ کو بند گلی میں لے آئے ہیں اور اپوزیشن کی طرف سے استعفوں کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں لیکن ان کے ہتھکنڈے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناکام رہیں گے کیونکہ جو قدم آخر میں اٹھانا تھا وہ انہوں نے بوکھلاہٹ میں پہلے اٹھا لیا۔