حکومت عوام کی فلاح جبکہ  پی ڈی ایم سازشوں میں مصروف ہے، عثمان بزدار

حکومت عوام کی فلاح جبکہ  پی ڈی ایم سازشوں میں مصروف ہے، عثمان بزدار
کیپشن: حکومت عوام کی فلاح جبکہ  پی ڈی ایم سازشوں میں مصروف ہے، عثمان بزدار

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت روز فلاح عامہ کے منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم صرف سازشوں میں مصروف ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں اور یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کی خرابیوں کو درست کیا ہے اور آج ملک درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں اور موجودہ نازک حالات میں افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ اور ملکی مفادات کے منافی ہے۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں جبکہ عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرأت اور دانش سے عوام کی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ اپوزیشن سن لے لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔