تنازعہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ نظر آنیوالی حقیقت ہے، صدر آزاد کشمیر

تنازعہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ نظر آنیوالی حقیقت ہے، صدر آزاد کشمیر
کیپشن: تنازعہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ نظر آنیوالی حقیقت ہے، صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد:  آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ محض اندیشہ اور خدشہ نہیں بلکہ نظرآنے والی حقیقت ہے۔ دنیا نے آگے بڑھ کر یہ تنازعہ حل نہ کیا تو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کو اسکی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و استبداد اور دہلی کے حکمرانوں کے ذہن میں جنگی ضبط دونوں ملکوں کو ہر گزرتے لمحے کے ساتھ جنگ کے قریب لے جا رہا ہے۔ 

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سلامتی کونسل پر دنیا میں امن و سلامتی قائم رکھنے کی ذمہ داری ہے اور اسے یہ اختیار ہے کہ وہ بھارت کی مخالفت کے باوجود مداخلت کر کے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے ریفرنڈم سمیت کوئی بھی قدم اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں سلامتی کونسل کی اس لیے بھی بنیادی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کے دونوں حصوں میں اقوام متحدہ کے امن فوجی دستے پہلے ہی تعینات ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام پر امن سیاسی و سفاتی ذرائع سے تنازعہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں جبکہ بھارت فوجی طاقت سے اس مسئلہ کو حل کرنا چاہتا ہے جو دونوں ملکوں کو ایک بار پھر جنگ کی طرف لے جا رہا ہے۔