پی ٹی آئی نے اے این پی کی بڑی وکٹ گرادی

پی ٹی آئی نے اے این پی کی بڑی وکٹ گرادی

 
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے رہنما  غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔

 ذرائع کے مطابق بلور خاندان کے سیاسی وارث غضنفر بلور  اے این پی کو خیرباد کہہ کر حکمران جماعت تحریک انصاف کا حصہ بن گئے ہیں،انہوں نے  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ملاقات میں عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، ملاقات کے دوران  تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش بھی موجود تھے۔

 
خیال رہے کہ غضنفر بلور اے این پی رہنما الیاس بلور کے بیٹے ہیں اور  اے این پی  کے رہنما بشیر بلور اور غلام بلور کے بھتیجے ہیں۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ غضنفر بلور پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز کے سرکردہ رہنما بھی ہیں اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدربھی رہ چکے ہیں۔

 دوسری جانب غضفر بلور کے پارٹی چھوڑنے کے فیصلے پر اے این پی کا کہنا ہے کہ وہ غیرسیاسی شخصیت ہیں،اور سیاست میں غیرفعال ہیں ان کے جانے سے فرق نہیں پڑتا۔

یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل اے این پی رہنما غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔