خطے میں امن و استحکام ،خوشحالی کیلئے بھارت سازگار ماحول پیدا کرتے تو پاکستان تیارہے :وزیر اعظم

خطے میں امن و استحکام ،خوشحالی کیلئے بھارت سازگار ماحول پیدا کرتے تو پاکستان تیارہے :وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی امریکی سینٹرز سے اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی بدلتی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم نے کہا اگر بھارت کی طرف سے سازگار ماحول پیدا کیا جائےتو پاکستان تیار ہے ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹ کے 4 رکنی وفد  سینیٹرز اینگس کنگ، رچرڈ بر، جان کارن اور بینجمن ساس نے ملاقات کی ،چاروں سینیٹرز سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے رکن ہیں ،ملاقات میں افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے گفتگو ہوئی،وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینیٹرز کا پرتپاک خیرمقدم کیا ۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے افغان عوام کی مدد کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم نے دہشت گردی سمیت خطے میں سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، وزیراعظم نے وفد کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا،انہوں نے کہا آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی کی انتہا پسند پالیسیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں ۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے ،کانگریس کے وفود کے دوروں سے باہمی افہام و تفہیم کو مضبوط بنانے اور عوام سے عوام کے قریبی روابط بڑھانے میں مدد ملے گی، دونوں ممالک کے درمیان گہری اور مضبوط شراکت داری خطے کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے باہمی طور پر مفید اور اہم ہے  امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیےپاکستان اور امریکہ کا گہرا تعلق ہونا چاہیے ۔

عمران خان نے کہا امریکہ کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،پاکستان ایسے اقدامات پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے جس سے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو تقویت ملے بھارت کی طرف سے سازگار ماحول پیدا کیا جائے تو پاکستان تیار ہے۔