منی بجٹ کی منظوری قومی خودکشی ہو گی، اسے روکنے کیلے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے: شہباز شریف

منی بجٹ کی منظوری قومی خودکشی ہو گی، اسے روکنے کیلے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے: شہباز شریف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں منی بجٹ کی منظوری قومی خودکشی ہو گی، ہم اسے روکنے کیلئے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تبدیلی کا سونامی معیشت، روزگار اور عوام کی خوشیاں نگل گیا ہے اور پاکستان کی معاشی خودمختاری خطرے میں ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ تاحال عوام کو مل سکا اور نہ ہی عوام کیلئے اعلان کردہ معاشی ریلیف پیکیج کا اثر ان تو پہنچا ہے البتہ بجلی گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ 
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے اور اگر قومی اسمبلی سے منی بجٹ منظور ہوا تو یہ قومی خودکشی ہو گی، اس لئے ہم اسے روکنے کیلئے متحدہ اپوزیشن کیساتھ مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں منی بجٹ کے ملک اور قوم کیلئے تباہ کن اثرات سے متعلق حکومتی ارکان اوراس کے اتحادیوں کو احساس دلانے کی کوشش کریں گے کیونکہ ایک اور منی بجٹ کینسر کا علاج سپرین سے کرنے کے مترادف ہے۔