وزیراعظم شہباز شریف کا پارٹی ورکرز کو متحرک کرنے کا فیصلہ، ورکرز کنونشنز کا شیڈول جاری

وزیراعظم شہباز شریف کا پارٹی ورکرز کو متحرک کرنے کا فیصلہ، ورکرز کنونشنز کا شیڈول جاری

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی ورکرز کو متحرک کرنے کافیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں ملک گیر ورکرز کنونشنز کا شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرحلہ وار ورکرز کنونشنز کے 11 سے 17 دسمبر تک انعقاد کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق آج راولپنڈی، سیالکوٹ، شیر گڑھ مردان میں کنونشنز ہوں گے جبکہ اس ضمن میں صوبائی عہدیداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ 
شیڈول کے مطابق 13 دسمبر کو اسلام آباد میں ورکرز کنونشنز ہو گا جس کی ذمہ داری طارق فضل چوہدری کو تفویض کی گئی ہے جبکہ 14 دسمبر کو لاہور میں ورکرز کنونشن ہو گا جس کے انتظامات خواجہ عمران نذیر دیکھیں گے اور 15 دسمبر کو شیخوپورہ میں ہونے والے کنونشن کی ذمہ داریاں میاں جاوید لطیف کو سونپی گئی ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ قصور میں 16 دسمبر کو شیڈول ورکرز کنونشن کے انتظامات ملک احمد خان کریں گے جبکہ 17 دسمبر کو فیصل آباد میں ورکرز کونشن ہو گا جس کی میزبانی مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کریں گے، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے پارٹی صدر انجینئر امیر مقام آج شیر گڑھ اور مردان میں کنونشنز کریں گے۔

مصنف کے بارے میں