جنوبی افریقا کی پارلیمنٹ اکھاڑا بن گئی، مکے اور لاتیں چل گئیں

جنوبی افریقا کی پارلیمنٹ اکھاڑا بن گئی، مکے اور لاتیں چل گئیں

پریٹوریا:پاکستان سمیت دنیا بھر کے جمہوری ممالک کے پارلیمانوں میں کبھی کبھار ایسا بھی ہوجاتا ہے ۔بڑے بڑے ملکوں کے بڑے بڑے ایوانوں میں چھوٹے موٹے واقعات ہونا کوئی بڑی بات نہیں، جہاں معزز ارکان اکثر مکے لاتوں سے پوچھتے ہیں، ہاں بھائی، کیسا لگا؟منہ سے نکلی بات اگر سمجھ نہیں آتی تو پھر ہاتھوں پیروں سے سمجھایا جاتا ہے
جنوبی افریقا کی پارلیمنٹ اکھاڑا بن گئی، اپوزیشن نے صدر جیکب زوما کو خطاب سے روکنے کی کوشش کی تو مکے اور لاتیں چل گئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی صدر جیکب زوما پر بدعنوانی، اقربا پروری اور اقتصادی بدانتظامی کے الزامات ہیں، وہ قوم سے خطاب کے لیے پارلیمنٹ پہنچے تو اپوزیشن نے مخالفانہ نعروں سے ان کا استقبال کیا۔
اجلاس کے دوران گرما گرمی بڑھی تو اسپیکر نے گارڈزکو طلب کر لیا، اس موقع پر اپوزیشن ارکان اور گارڈز کے درمیان مکوں اور لاتوں کا تبادلہ ہوا اور گارڈز نے ارکان کو زبردستی ایوان سے باہر نکال دیا۔پارلیمنٹ ملکی معاملات پر بحث مباحثے کی جگہ ہے لیکن کبھی کبھار بحث مباحثے کے دوران کوئی شخص منطق اور دلیل کا دامن چھوڑ دے تو نوبت تلخ کلامی اور ہاتھا پائی تک پہنچ سکتی ہے۔