فلائٹ مس ہونے کا کاڈر،جہاز میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والا جوڑا گرفتار

فلائٹ مس ہونے کا کاڈر،جہاز میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والا جوڑا گرفتار

بنگلورو :بھارت میں فلائٹ مس ہوجانے کی ڈر سے بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر جوڑا گرفتارکرلیاگیا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹکا کے شہر کوچی میں ٹریفک جام میں پھنسے ایک جوڑے کو یہ خدشہ ہوا کہ کہیں ان سے فلائٹ مِس نہ ہوجائے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اپنے ایک دوست کے ذریعے فون کروایا اور طیارے میں بم کی جھوٹی اطلاع دی۔
جس کے باعث پرواز میں 7 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔پولیس انسپکٹر پی سری کمار کے مطابق نیہا گوپیناتھن اور ارجن ایک لینگویج سینٹر میں پڑھاتے ہیں۔ایئرپورٹ کے راستے میں وہ ایک مقام پر ٹریفک جام میں پھنس گئے اور اس بات کو محسوس کرتے ہوئے کہ وہ وقت پر نہیں پہنچ سکیں گے، انھوں نے بم کی جھوٹی اطلاع دینے کا منصوبہ بنایا۔
انھوں نے کیرالہ میں اپنے ایک دوست کو فون کرکے اس سے ٹرمینل مینیجر کو فون کرکے بم کی اطلاع دینے کو کہا۔جس کے بعد رات 8بجکر 40منٹ پر ٹرمینل مینییجر کو ایک نامعلوم فون کال موصول ہوئی،جس میں بتایا گیا کہ فلائٹ میں بم نصب کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور رات ڈیڑھ بجے کے قریب پرواز کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔
دوران تفتیش جوڑے نے پولیس کو اس دوست کا نام بھی بتادیا، جس سے انھوں نے جھوٹی کال کروائی، تاہم وہ واقعے کے بعد سے مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب جنوبی بنگلورو کے رہائشی نیہا اور ارجن کو کیمپی گوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پولیس نے اس حلف نامے کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی کہ وہ منگنی کے بعد واپس آکر پولیس کو رپورٹ کریں گے۔