معروف اورسینئر اداکار قاضی واجد 88 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

معروف اورسینئر اداکار قاضی واجد 88 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

کراچی:معروف اور سینئر اداکار قاضی واجد قضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔

ذرائع کے مطابق سینئر ٹی وی اداکار قاضی واجد 88 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔اداکار کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ انہیںبظاہر کوئی بیماری نہیں تھی لیکن گزشتہ رات انہیں دل میں تکلیف کے باعث گلشنِ اقبال کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

خیال رہے کہ قاضی واجد 26 مئی 1930 کو پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز ریڈیوپاکستان سے بطور ڈرامہ آرٹسٹ کیا اور اپنے 65 سالہ فنی کیریئر میں سیکڑوں ڈراموں، ٹی وی تھیٹر سمیت فن کے تمام شعبوں میں اپنی خدمات انجام دیں، حکومتِ پاکستان نے 1988 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔

قاضی واجد کے یادگار ڈراموں میں خدا کی بستی، حوا کی بیٹی، تنہائیاں، پل دو پل،آنگن ٹیڑھا،تعلیم بالغاں اوردھوپ کنارے شامل ہیں۔