شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست مسترد

شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست مسترد
کیپشن: نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں اور اب نیب اپنی مرضی کے بنچ بنوائے گا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کے معاملے پر نیب کا بینج پر اعتراض مسترد کرتے ہوئے اپیل ناقابل سماعت قرار دے دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان نے کہا شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت موجودہ بینچ ہی کرے گا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا شہباز شریف کی درخواست ضمانت جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ کو بھجوائی جائے۔ موجودہ بینچ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کر سکتا۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی اس کیس میں شریک ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر چکا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا میں معذرت خواہ ہوں اب ایسا نہیں ہوتا۔ نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں اور اب نیب اپنی مرضی کے بنچ بنوائے گا۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت میں وقفے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے ریمارکس میں کہا کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت موجودہ بینچ ہی کرے گا۔