لداخ تنازع: چین اور بھارت کی فوجیں پیچھے ہٹنے کو تیار

Ladakh conflict: Chinese and Indian troops ready to retreat
کیپشن: فائل فوٹو

بیجنگ: چین اور بھارت کی فوجوں نے لداخ تنازع پر ایک دوسرے کے سامنے کھڑی فوجوں کو پیچھے ہٹانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اس بات کی تصدیق چینی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہی گئی ہے۔ بیجنگ اور نئی دہلی نے اس بات سے اتفاق کر لیا ہے کہ سرحدی تنازع کو کم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی فوجوں کو پیچھے لے جایا جائے گا۔

خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان یہ اتفاق 9ویں اجلاس میں کیا گیا ہے۔ خبریں ہیں کہ چین اور انڈیا کی فوجوں کو پیچھے ہٹنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے اور اس پر عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔

تاہم بھارتی فوج کی جانب سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈیفنس منسٹر راجناتھ سنگھ اسمبلی کے اجلاس میں اس بات کا اعلان کریں گے، اس لئے ابھی میڈیا کے سامنے کوئی بیان دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

انڈین اور چینی فوج اپنے جوانوں کیساتھ ساتھ سرحد پر کھڑے ٹینکوں اور توپوں کو بھی پیچھے کر لیں گے، توقع کی جا رہی ہے کہ اس عمل میں ایک ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔