آصف زرداری اور مولانا کے درمیان رابطہ، سینیٹ الیکشن کے امور پر اتفاق

 آصف زرداری اور مولانا کے درمیان رابطہ، سینیٹ الیکشن کے امور پر اتفاق
کیپشن: آصف زرداری اور مولانا کے درمیان رابطہ، سینیٹ الیکشن کے امور پر اتفاق
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سبربراہ مولانا فضل الرحمان کے دمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطے میں اپوزیشن کے لانگ مارچ اور سینیٹ انتخاب میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی کی بھر پور کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ 

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے بھی مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا اور سینیٹ الیکشن 2018 کی لیک ویڈیو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا تحریک انصاف کے جہاز پر سوار ہونے والوں کی لینڈنگ شروع ہو گئی ہے جبکہ ہمیں کرپٹ اور چور کہنے والوں کے اپنے ممبران کرپٹ نکلے۔ اس موقع پر نواز شریف نے بھی لانگ مارچ کامیاب بنانے کیلئے ن لیگ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ حکومتیں دھاندلی سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے بنتی ہیں اور ہم اب جمہوریت کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے باہر نکلے ہیں اور یہ تحریک اپنی منزل کو پہنچے گی کیونکہ ہمارے کارکن تھکنے والے نہیں جبکہ تحریکیں حوصلے اور کمٹمنٹ کے ساتھ چلتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان نااہلوں کو نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ یہ حکمران ناجائز، چور دروازے سے اقتدار میں آئے اور اگر ان کو سیاست سیکھنی ہے تو ہماری شاگردی کرنی پڑے گی۔ 2018  میں منصوبہ بندی کے تحت انتخابی دھاندلی کی گئی اور یہ لوگ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا نیب کو سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے لیکن ہم حکومت اور نیب کو بے بس کر دیں گے کیونکہ فارن فنڈنگ کیس اپوزیشن جماعتوں نے نہیں انکی اپنی جماعت کے بانی رکن نے دائر کیا اور اعتراف کیا گیا بیرون ممالک سے پیسہ عمران خان کے ذاتی ملازمین کے نام پر آیا اور جو ہمیں این آر او نہ دینے کی باتیں کر رہا ہے اس کو ہم این آر او نہیں دیں گے۔