وزیراعظم کے معاون خصوصی دہری شہریت کے حامل نکلے

وزیراعظم کے معاون خصوصی دہری شہریت کے حامل نکلے
سورس: File photo

اسلام آباد،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات دہری شہریت کے حامل نکلے۔

 وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات رؤف حسن کے اثاثوں سے متعلق کابینہ ڈویژن کی جانب سے تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات رؤف حسن امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں ۔ 

کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ دستیاب دستاویز کے  مطابق رؤف حسن نے 96 لاکھ 51 ہزار 450 روپے نقدی ظاہر کی ہے۔ رؤف حسن نےاثاثوں میں  بینک بیلنس 12 لاکھ 50 ہزار 177 روپے ظاہر کیا ہے۔فرنیچر سمیت دیگر ذاتی سامان کی مالیت 50 لاکھ روپے ظاہر کی  ہے۔

 دستاویز کے مطابق رؤف حسن گاڑی، گھر، زیورات سمیت کسی جائیداد کے مالک نہیں۔ رؤف حسن کے اثاثوں میں کوئی سرمایہ کاری بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ کے مستعفی ہونے کے بعد رؤف حسن کا اس عہدے پر تقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وزیر اعظم کے دو معاونین خصوصی تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا دہری شہریت سامنے آنے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔