افغانستان سے پاکستان پر حملہ، 5 سالہ بچہ شہید، 7 زخمی

افغانستان سے پاکستان پر حملہ، 5 سالہ بچہ شہید، 7 زخمی
کیپشن: افغانستان سے پاکستان پر حملہ، 5 سالہ بچہ شہید، 7 زخمی
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: امن دشمنوں نے سرحد پار سے ایک بار پھر نہتے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے باجوڑ کے علاقے سرکئی ٹاپ اور لغاری سیکٹر میں 5راکٹ داغے جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچہ شہید جبکہ ایک لڑکی سمیت 7 بچے زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ 

اس سے قبل 4 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کر کے چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید اور چار زخمی ہو گئے تھے۔ 

یکم فروری کو سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے قریب لوئر دیر میں آپریشن کیا تھا ۔ آپریشن دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کیلئے کیا گیا تھا  آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور گرینڈ برآمد ہوئے تھے

ہلاک دہشتگردوں میں عابد، یوسف خان کا تعلق سوات اور عبدالستار کا تعلق مردان سے ہے۔ ہلاک دہشتگرد 2019 میں سوات میں ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشتگردوں نے کئی عمائدین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ 

رواں سال 14 جنوری کو پاک فوج کے جوانوں نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کیا تھا ۔ آپریشن میں دھماکا خیز مواد بنانے والے ماہر سمیت 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہوئے تھے ۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی آذیب، ضیاء الاسلام، لانس نائیک عباس خان شامل تھے۔

گزشتہ سال 24 دسمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے  میر علی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید اور 7 جوان زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ، 2 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ 22 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے آواران میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ، مواصلاتی آلات کو بھی برآمد کر لیا گیا۔ دہشتگرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔  20 دسمبر کو انہی دہشتگردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک اقبال شہید ہوئے تھے۔

19 نومبر کو شمالی وزیرستان میں ہی دہشتگردوں نے پاک فوج کی  چیک پوسٹ پر فائرنگ کر کے ملک ک حفاظت پر مامور دو جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ اس حملے میں ایک سپاہی بھی زخمی ہوا تھا۔ شہدا میں 32 سالہ حوالدار مطلوب احمد اور سپاہی سلمان شوکت شامل تھے۔