شاہنواز دھانی اور محمد رضوان ایک بار پھر توجہ کا مرکز، ویڈیو وائرل

شاہنواز دھانی اور محمد رضوان ایک بار پھر توجہ کا مرکز، ویڈیو وائرل

لاہور: ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی اور کپتان محمد رضوان ایک بار پھر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں گزشتہ روز ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے بیٹر کامران اکمل کی زور دار شاٹ پر شاہ نواز دھانی اور محمد رضوان  کیچ پکڑتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔

انٹرنیٹ پر کیچ کی وائرل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں میں ٹکراؤ کے بعد محمد رضوان کو محسوس ہوا کہ کیچ چھوٹ گیا مگر شاہنواز دھانی نے ہر بار کی طرح ایک بار پھر حیران کیا اور کیچ دبوچ کر کامران اکمل کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جس پر محمد رضوان کی مایوسی خوشی میں بدل گئی اور وہ گرم جوشی سے شاہنوازی دھانی سے بغل گیر ہو گئے  جس کو انٹرنیٹ صارفین بے حد پسند کر رہے ہیں اور دونوں ہی کھلاڑیوں کے خوب  چرچے ہو رہے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز میگا ایونٹ میں ملتان سلطانز گزشتہ روز  پشاور زلمی کو ہرا کر مسلسل  چھٹی فتح کیساتھ پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

گزشتہ روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ مقررہ اوورز میں ملتان سلطانز نے 7 وکٹ کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ 

ملتان سلطانز کی طرف سے شان مسعود نے 68 ، محمد رضوان اور ٹم ڈیوڈ نے 34،34 اور روسو نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی طرف سے وہاب ریاض، سلمان ارشاد اور ثاقب محمود نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم شروع میں ہی دباؤ کا شکار رہی ہے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔ اور پوری ٹیم 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔اس طرح ملتان سلطانز نے میچ 42 رنز سے جیت لیا۔ 

پشاور زلمی کی طرف سے شعیب ملک سب سے کامیاب بلے باز رہے اور انہوں نے 31 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی ۔ لائیم لیونگ سٹون نے 24 ، روتھرفورڈ نے 21 اور بین کٹنگ نے 23 رنز بنائے ۔ 

ملتان سلطانز کے بلیسنگ مزربانی اور خوشدل شاہ نے تین تین ،شاہ نواز دھانی نے دو اور عباس آفریدی و عمران طاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

مصنف کے بارے میں