افغان پارلیمنٹ کے قریب دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی

افغان پارلیمنٹ کے قریب دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان پارلیمنٹ کے قریب دو بم دھماکوں کے نتیجے میں 50افراد ہلاک اور 80زخمی ہوگئے۔

پہلا دھماکا ایک خودکش بمبار نے کیا جبکہ دوسرا ایک کار میں نصب تھا ، ان دھماکوں سے چند گھنٹے قبل ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں طالبان کے خودکش دھماکے میں 7افراد ہلاک ہوگئے تھے ، دھماکوں کے وقت افغان پارلیمنٹ سے منسلک عمارت سے ملازمین باہر نکل رہے تھے جہاں افغان ارکان پارلیمنٹ کے دفاتر اور گھر موجود ہیں، دھماکوں کے وقت کافی بھیڑ موجود تھی جبکہ حملے کے بعد علاقے میں ہر طرف لاشیں بکھری پڑی تھیں۔

پارلیمنٹ کے ایک زخمی محافظ ذیبی نے میڈیا کو بتایا کہ پہلا دھماکا ایک پیدل خودکش بمبار نے کیا جس کے نتیجے میں متعدد معصوم ملازمین جاں بحق و زخمی ہوگئے، انہوں نے بتایا کہ دوسرا دھماکا ایک کار میں نصب تھا، یہ گاڑ ی روڈ کے دوسری جانب کھڑی تھی اور اس دھماکے کی شدت سے میں پیچھے کی جانب گر گیا۔ وزارت صحت کے ایک ترجمان وحید ماجروح نے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے میں 30 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔