حیدرآباد:گیس سے دم گھٹنے سے میاں بیوی سمیت پانچ افراد جاں بحق

حیدرآباد:گیس سے دم گھٹنے سے میاں بیوی سمیت پانچ افراد جاں بحق

حیدرآباد کے علاقے معصوم شاہ کالونی میں گیس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہونے والے ایک ہی گھر کے پانچ افراد کے جنازے اُٹھے تو پورا علاقہ سوگوار ہوگیا۔ اہل خانہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے ، نماز جنازہ اور تدفین میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ معصوم شاہ کالونی میں گزشتہ شام گیس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہونے والے کفایت اللہ، ان کی اہلیہ شاہین ، تین بچے معراج، خضر اور شان زے کے جنازے اُتھے تو ہر آنکھ اشکبار تھی۔ پورے علاقے میں سوگ کا سما رہا، جبکہ مرحومین کے اہل خانہ اور عزیز واقارب پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ نماز جنازہ میں میئر حیدرآباد سید طیب حسین، میونسپل کمشنر شاہد خان سمیت سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنما¶ں، علاقے کے لوگوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ مرحومین کو پٹھان کالونی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ پانچوں افراد کی اموات کے حوالے سے ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق گھر میں گیس کے ہیٹر سے لیک ہونے والی گیس کے نتیجے میں گھر کے پانچوں افراد جاں بحق ہوئے۔ گھر کے سربراہ کفایت اللہ کنفکشنری کی سپلائی کاکام کرتے تھے ، وہ گھر کی بالائی منزل پر رہائش پذیر تھے جبکہ باقی دو منزل پر ان کے دیگر بھائی رہائش پذیر ہیں۔ حیدرآباد میں سخت سردی ہونے کی وجہ سے کفایت اللہ کمرے میں ہیٹر جلاکر سورہے تھے کہ لیک ہونے والی گیس کے نتیجے میں تمام افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

مصنف کے بارے میں