زینب کو انصاف دو، پوری قوم یک زبان ہو گئی

زینب کو انصاف دو، پوری قوم یک زبان ہو گئی

لاہور: ننھی کلی کے قتل کے خلاف شہر شہر مظاہرے اور احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بچے، بوڑھے، مائیں قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لاہور میں طلبا سڑکوں پر نکل آئے۔ کلمہ چوک اور لبرٹی چوک حکومت مخالف نعروں سے گونجنے لگا ۔

مظاہرین کی جانب سے زینب کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی۔

اسلام آباد میں اردو یونیورسٹی کے طلبا نے احتجاجی ریلی نکالی۔ طلبا کا کہنا ہے زینب جیسی کئی معصوم کلیاں درندوں کی بھینٹ چڑھ چکی ہیں حکومت مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائے۔

مزید تفصیل پڑھیں:قصور کا واقعہ پاکستان کیلئے باعث شرمندگی ہے، چیف جسٹس

قصور واقعے پر کراچی کے اسٹریٹ اسکول کے بچے بھی غم زدہ ہیں۔ معصوم زینب کے قتل پر وکلا برادری بھی سراپا احتجاج ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان کی عدالتوں میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی  خواتین بھی سٹرکوں پر نکلی آئیں۔ مظاہرین نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کر کے  زینب کے قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں