کیلیفورنیا میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 17 افراد ہلاک ہو گئے

کیلیفورنیا میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 17 افراد ہلاک ہو گئے

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں طوفانی بارشوں اور  لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 17 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ لاپتہ ہونے والے 24 افراد کی تلاش جاری ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق  (9 جنوری) کو جنوبی کیلفورنیا میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد بڑے بڑے پتھروں اور کیچڑ کا سیلاب آگیا، جس سے 100 گھر تباہ ہوگئے  اور 300 سے زائد کو  بری طرح نقصان پہنچا۔دوسری جانب طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے آنے والی آفت سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔

10 تربیت یافتہ کتوں اور مشینوں کی مدد سے 500 سے زائد امدادی کارکن لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔بارشوں کے بعد مٹی کے تودے اور کیچڑ کا سیلاب اپنے راستے میں آنے والی ہر شہہ کو بہاکر لے گیا، درخت  اور کئی عمارتیں تباہ و برباد ہوگئیں۔

تباہی کا شکار سینٹا باربیرا کاؤنٹی میں مائیکل جیکسن اور چارلی چپلن سمیت دیگر اشرافیہ کی جائیدادیں اور تاریخی ہوٹل واقع ہیں، جنہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔