انصاف کا تقاضا ہے کہ علیمہ خان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے ، سعید غنی

انصاف کا تقاضا ہے کہ علیمہ خان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے ، سعید غنی
کیپشن: فوٹو فائل

کراچی : بلاو ل بھٹو اور مراد علی شاہ کانام ای سی ایل سے کیوں نہیں نکالا؟


پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی نے وزیر اعظم کی ہمشیرہ کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال کرجے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا ۔وزیر بلدیات سندھ نے شوکت خانم میموریل کے چندے کےفرانزک آڈٹ کا مطالبہ بھی کر دیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے امریکہ میں بھی علیمہ خان کی جائیداد کا راز فاش ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیمہ خان کا نہ کوئی کاروبار ہے اور نہ ہی انہوں نے کوئی محنت مزدوری کی ماجرا کیا ہے کہ ہر ملک میں ان کی پراپرٹی نکل آتی ہے۔ 

سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لوگ غریب مریضوں کے علاج اور غریب بچوں کی تعلیم کے لئے عمران خان کو پیسے دیتے تھے، املاک خریدنے کے لئے نہیں۔ صدقہ اور خیرات کی رقم غریبوں کی امانت تھی جس پر عمران خان اور ان کی ہمشیرہ نے ڈاکہ ڈالا ہے اور لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ علیمہ خان کے خلاف بھی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے اس جے آئی ٹی میں پارلیمان میں موجود سیاسی پارٹیوں کے نمائندے بھی شامل کئے جائیں۔ کیونکہ قوم کا عمران خان کے ماتحت اداروں پر پورا یقین نہیں ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ جے آئی ٹی عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف بھی تحقیقات کرے۔ تحقیقات تک علیمہ خان کو ای سی ایل پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ علیمہ خان کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا تاہم وہ ٹرسٹ کی ڈائریکٹر ضرور ہیں۔ ان کے پاس چندہ جمع کرنے اور خرچ کرنے کا اختیار تھا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عوام کی دی ہوئی رقم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک جائیداد بنائی۔ اس چوری کی واردات میں عمران خان بھی برابر کے شریک ہیں اس لئے عمران خان کا نام بھی ای سی ایل میں رکھا جائے۔