سابق ماڈل اور اداکار عامر حتمی انتقال کرگئے

سابق ماڈل اور اداکار عامر حتمی انتقال کرگئے

کراچی :پاکستان ٹیلی ویژن پر ماضی میں چلنے والے مشہور ڈرامے تنہایاں میں مختصر کردار نبھانے والے سابق ماڈل اور اداکار عامر حتمی انتقال کرگئے۔ عامر حتمی کا تعلق کراچی سے تھا جبکہ انہوں نے ابتدائی تعلیم پی اے ایف اسکول فیصل بیس اور بعد ازاں لارنس کالج مری سے حاصل کی۔

ان کا تعلق ایئرفورس کے گھرانے سے تھا، جب کہ ان کے والد پاک فضائیہ کے آفیسر تھے۔سال 1980 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کی اسکرین پر راج کرنے والا کلاسک اور شہرہ آفاق ڈرامہ تنہایاں میں عامر حتمی نے شہناز شیخ کے مد مقابل کام کیا تھا۔

سال 1985 میں نشر ہونے والے اس ڈرامے کے دیگر نمایاں کرداروں میں آصف رضا میر، شہناز شیخ، مرینہ خان، بہروز سبزواری، قاضی واجد، عذرا شیروانی، یاسمین اسماعیل اور جمشید انصاری شامل تھے۔ڈرامے میں عامر کا نام سعد سلمان تھا۔ اس ڈرامے میں عامر نے مختصر مگر اتنا پرکشش کردار نبھایا کے لوگ انہیں عرصے تک عامر کی جگہ سعد سلمان کے نام سے ہی جانتے رہے۔

حسینہ معین کا لکھا گیا ڈرامہ تنہایاں عامر کا پہلا ڈرامہ تھا، جس میں انہوں نے بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔سعد سلمان کے نام سے اس کردار نے انہیں شہریت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ پر کشش شخصیت کے مالک عامر حتمی کچھ عرصے تک ماڈلنگ سے بھی وابستہ رہے۔

عامر نے بونینزا سمیت کئی مشہور برینڈز کیلئے ماڈلنگ بھی کی۔اس ڈرامے کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ ٹیلی کاسٹ ہونے کے وقت یعنی رات 8 بجے سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا تھا اور جو لوگ گھر پر نہیں ہوتے تھے وہ دکانوں، مارکیٹس اور ہوٹلوں میں جا کر یہ ڈرامے دیکھا کرتے تھے۔

ڈرامے کی کہانی 2 بہنوں کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے والدین کے انتقال کے بعد آپنی آنٹی کے گھر پروان چڑھیں، ان دونوں بہنوں کی زندگی کا مقصد اپنے آبائی گھر کو خریدنا تھا۔