ترک وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ترک وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Image Source: File Photo

اسلام آباد:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے دوران 15 افراد کی شہادت کے بعد ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔


تفصیلات کے مطابق،  ترک وزیر خارجہ نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی، قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تعزیت کی۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے دلخراش واقعے پر ترکی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد ترکی نے خطے میں خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی تمام پاکستانی کاوشوں پرمکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ میولوت چاوش اولو نے ایران، امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے آئندہ دورہ ایران، سعودی عرب، امریکا سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی طور پر دوست ممالک کے دورے کریں، ایران، امریکا، سعودی عرب جائیں جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ متعلقہ ممالک کے عسکری حکام سے بات کریں۔