میں بالکل خیریت سے ہوں، حادثے کے بعد شعیب ملک کا مداحوں کیلئے پیغام

I am fine, Shoaib Malik\'s message to the fans after the accident
کیپشن:   فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کھلاڑی شعیب ملک نے گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے بعد جاری اپنے بیان میں بتایا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ انہوں نے حادثے سے محفوظ رکھنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔

خیال رہے کہ شعیب ملک کی سپورٹس گاڑی کو گزشتہ رات حادثہ پیش آ گیا تھا۔ یہ حادثہ اس قدر سنگین تھا کہ ان کی گاڑی ٹرک سے جا ٹکرائی تھی۔ اس کے اگلے حصے کو بہت نقصان پہنچا تھا تاہم قومی کھلاڑی معجزاتی طور پر محفوظ رہے تھے۔

حادثے کے بعد شعیب ملک کی جانب سے اپنے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ گزشتہ رات جو حادثہ پیش آیا اس میں انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا، وہ بالکل ٹھیک اور خیریت ست ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں شعیب ملک نے لکھا کہ وہ دل سے شکر گزار ہیں کہ لوگوں نے انھیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹںگ تھی جس میں دیگر قومی کھلاڑی اور شعیب ملک بھی شریک تھے۔

تقریب کے بعد شعیب ملک اپنی سرخ رنگ کی سپورٹس کار میں گھر جانے کیلئے نکلے تو ان کی گاڑی بے قابو ہو کر سامنے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا لیکن اللہ کے کرم سے قومی ہیرو کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ محفوظ رہے۔

شعیب ملک کی گاڑی کو حادثے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور ہر کوئی فکرمند ہو کر ان کی خیریت دریافت کرتا نظر آیا۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے قومی کرکٹر کیلئے اپنے دعائیہ پیغامات بھیجے۔