عمران خان اپوزیشن کو این آر او نہیں دے گا، شیخ رشید

عمران خان اپوزیشن کو این آر او نہیں دے گا، شیخ رشید
سورس: File photo

اسلام آباد، وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت تو چھوڑ دے گالیکن اپوزیشن کو این آر او نہیں دے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہیں بھی معاملات طے کرلیں فیصلہ عمران خان نے ہی کرنا ہے ۔ 

وزیرداخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ محمد علی درانی عمران خان کے کہنے پر ملاقاتیں نہیں کر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا راولپنڈی نہیں کمپنی کی مشہوری کے لئے اسلام آباد آئیں گے ۔ اگر پی ڈی ایم نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو پھر قانون کے بھی ہاتھ ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ ن سے شین نکلنے کی بات پر قائم ہوں ۔ شہبازشریف اورمریم نواز کی سیاست ایک پیج پر نہیں ہے ۔ استعفوں کو وقت آنے دیں ن سے شین نکل جائے گی ۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہباز شریف کی طرح کھانچے نہیں مارے ، تھوڑی اکثریت سے ہی پنجاب میں عثمان بزدار نے ڈھائی سال پورے کئے ہیں ۔ عمران خان اور بزدار اکٹھے ہیں دونوں پانچ سال پورے کریں گے ۔ 

ایک سوال کے جواب میں ٰانہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے روز ہی مچھ جانا چاہتے تھے لیکن حالات نہیں تھے ۔وزیراعظم نے بلیک میلنگ کا بیان پی ڈی ایم کے بارے دیا تھا ۔