لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند چھا گئی، موٹر ویز بند، فضائی آپریشن متاثر

 لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند چھا گئی، موٹر ویز بند، فضائی آپریشن متاثر


لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے جس کے باعث مختلف موٹر ویز بند کر دی گئیں جبکہ ٹرین اور فضائی آپریشن بھی متاثر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شدید دھند  چھانے کے باعث موٹر وے ایم  ٹو  ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخوپورہ تک  اور بھیرہ سےللہ انٹرچینج تک بند ہے جبکہ ایم تھری  فیض پور سے سمندری تک بند کردی گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔حکام نے  حد نگاہ انتہائی کم ہونے  کی وجہ سے موٹروے کے سیکشنز کو بند کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے  ناخوشگوار واقعے کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

شدید دھند کےباعث لاہورایئرپورٹ پرفلائیٹ آپریشن بھی متاثر  ہے، صوبائی دارالحکومت کے ہوائی اڈے  پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق رن وے پر صرف 150 میٹر حد نگاہ  کی وجہ سے حکام نے پروازیں منسوخ کر دیں اور طیاروں کو دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

دبئی اور شارجہ سے ایئر بلیو کی دو پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا ہے جبکہ جدہ اور مسقط سے آنے والی سعودی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح کراچی اور مسقط سے پی آئی اے کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔حکام نے کہا ہے کہ موسم معمول پر آتے ہی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔


دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور پنجاب کے بعض علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے۔