تائیوان کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران لاپتہ

 تائیوان کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران لاپتہ
کیپشن: تائیوان کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران لاپتہ
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

تیپائی: تائیوان کے تربیتی مشن کے دوران لاپتہ ہونے والے ایف-16 لڑاکا طیارے  کے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سمندر برد ہو گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کا جیٹ طیارہ جنوبی شہر چیائی کے ایک فضائی اڈے سے معمول کی تربیتی پرواز بھرنے کے آدھے گھنٹے بعد لاپتہ ہو گیا۔ پائلٹ سے کنٹرول ٹاور کا آخری بار رابطہ اس وقت ہوا تھا جب وہ سمندر کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔

عینی شاہدین کا بھی کہنا ہے کہ انھوں نے ایک طیارے کو ہچکولے کھاتے ہوئے سمندر برد ہوتے دیکھا ہے۔ تائیوان کی فوج نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس میں کوسٹ گارڈ کا جہاز، نیوی کے غوطہ خور اور 2 ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

آخری اطلاعات موصول ہونے تک طیارے کا ملبہ نہیں مل سکا ہے۔ صدر سائی انگ وین نے پائلٹ کے بچاؤ کی ہر ممکن کوشش کا حکم دیتے ہوئے حادثے کے بارے میں وضاحت طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور دونوں نے سرحدوں پر فوجی مشقوں کا آغاز کر رکھا ہے۔