آف شور کمپنیوں کا معاملہ، سپریم کورٹ نے عمران خان کو کل طلب کر لیا

 آف شور کمپنیوں کا معاملہ، سپریم کورٹ نے عمران خان کو کل طلب کر لیا

اسلام آباد: عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیوں کیخلاف حنیف عباسی کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عمران خان پیش ہو کر بتائیں کہ انہوں نے کیس آگے کیسے چلانا ہے۔عمران خان 1971 سے 1980 تک کرکٹ کھیلتے رہے اس وقت ان کا ذریعہ آمدن کیا تھا؟۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 14 جون 2017ء کو عدالت نے جواب داخل کرانے کا حکم دیا تھا وجہ یہی تھی کی عدالتی کارروائی میں خلل نہ آئے اب دیکھ رہے ہیں کہ 2 درخواستوں پر جوا ب نہیں آیا۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت سے معافی مانگی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ساری چیزیں معافی سے تو حل نہیں ہوتیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی چھٹیوں کے باوجود ججز چھٹیاں نہیں لے رہے کیونکہ تعاون پر ہی معاملات چلتے ہیں۔ عمران خان کے وکیل انورم نصور خود 21 جولائی تک چھٹیوں پر چلے گئے اور انہوں نے درخواستوں پر جواب بھی جمع نہیں کرائے لہذا عمران خان خود پیش ہو کر بتائیں عدالتی سوالات کے جواب کون دے گا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ چاہتے ہیں وکلا عدالت کی مکمل معاونت کریں جب کہ اس کیس میں بہت سے لیگل ایشوز ہیں۔

سماعت کے دوران وکیل عمران خان نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ عدالت کہے تو انور منصور کی جگہ میں جواب جمع کروا دیتا ہوں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صرف جواب جمع نہیں کرانا بلکہ دلائل بھی دینا ہیں جب کہ دیکھنا ہے کہ کسی کو بددیانت قرار دینے کے لیے کیا معیار ہو گا۔ پی ٹی آئی کے وکیل  کی عدم حاضری پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ 

یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے گزشتہ روز کیس موخر کرنے کیلئے درخواست دائر کرتے ہوئے کیس 15 اگست کے بعد مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز توہین عدالت کیس میں عمران خان کے خلاف فیصلہ موخر کر دیا تھا اور سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی تھی۔ عمران خان کو جاری نوٹس پر دلائل دیتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کارروائی کا اختیار سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے جج صاحبان کے پاس ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں