بھارت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے ،او آئی سی

بھارت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے ،او آئی سی

آبیجان: او آئی سی وزرائے خارجہ نے جموں وکشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے ۔

اس امر کا اظہار گزشتہ روز او آئی سی کونسل کی وزراء خارجہ کے 44ویں اجلاس میں کیا گیا جو افریقی ملک ایو ری کوسٹ کے دارلحکومت آبیجان میں منعقد ہوئی، اس دوران او آئی سی کونسل کے وزراء خارجہ نے جموں وکشمیر میں جاری بھارتی فوج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت جموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل کرے۔

اوآئی سی کی وزراء خارجہ کونسل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں خون ریزی رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر ایک قرار داد بھی منظور کی گئی جس پر 56ممالک کے وزراء خارجہ کے دستخط موجود ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بڑا مسئلہ ہے اور خطے کا امن اس مسئلے کے حل سے وابستہ ہے ۔

اس موقع پر کونسل نے جموں کشمیر کے عوام کی طرف سے حق خود ارادیت کیلئے کی جانے والی جدوجہد کا اعادہ کیا اور قرار دیا کہ اس جدوجہد کو دہشتگردی سے نہیں جوڑا جاسکتا ۔ کونسل نے بھارتی فوج کی طرف سے جموں کشمیر میں بہیمانہ تشدد خونریزی اسلحے کے استعمال کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اوآئی سی وزراء خارجہ نے حریت پسند رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاریوں کی بھی شدید الفاظ کی مذمت کی ۔انہوں نے حق خود ارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی بھی بھر پور تعریف کی ۔ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی تبدیلی کی بھی مذمت کی۔

مصنف کے بارے میں